ہندستان اور امریکہ کے فوجی سازو سامان کے معاہدے پر اصولی طور پر متفق ہونے کے اعلان کے ایک دن بعد اپوزیشن پارٹیوں نے اس کے خلاف پرزور آواز بلند کی اور اہم اپوزیشن پارٹی کانگریس نے یہاں تک کہہ دیا کہ یہ معاہدہ ملک کے لئے تباہ کن ثابت ہوگا۔
اپنے پورے دور اقتدار میں اس معاہدے کی کوششوں کو ناکام کرتے رہے سابق وزیر دفاع اے کے انٹونی نے انتہائی سخت الفاظ میں
قومی جمہوری اتحاد حکومت کے اس مجوزہ قدم کی مذمت کی اور کہا کہ یہ ملک کی آزاد خارجہ پالیسی اور حکمت عملی پر مبنی خود مختاری کے اختتام کا آغاز ہے۔
کانگریس کے سینئر لیڈر اور سابق وزیر دفاع اے کے انٹونی نے آج يو این آئی سے کہا کہ یہ فیصلہ ملک کی اسٹریٹجک پالیسی سے سمجھوتہ ہے اور اس طرح کے فیصلے سے ہندستان آہستہ آہستہ اس پالیسی کی طرف بڑھ رہا ہے جس کی ہمیشہ اس نے مخالفت کی ہے۔